Friday, September 3, 2021

مرہم کی ترکیب اور تیاری

 مرہم کی ترکیب اور تیاری

By :Muhammad Fiyyaz


ایک نیم جامد مرکب ہے جو قدیم زمانہ سے رائج ہے یقین کیا جاتا ہے کہ مرہم مصریوں کی ایجادات میں سے ہے گو کہ اطِبّاء اِس کا موجد بقراط کو بتاتے ہیں لیکن یہ محل نظر ہے کیونکہ اِس کا استعمال ازمنۂ قدیم سے ہی مصریوں کے یہاں ملتا ہے اور یونانی طِب کا دور اِس کے بعد کا ہے


جن ادویہ کا سفوف یا اُن کو حل کر کے مرہم بنایا جاتا ہے اُن میں بطور زمین (Base ) موم گھی تلوں کا تیل سرسوں کا تیل روغن زیتون روغن بادام روغن گُل چربی (Animal Fat ) اور ویزلین شامل کی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ مرہم کی قوت برسوں تک قائم رہتی ہے لیکن جس مرہم کی ترکیب میں چربی شامل ہوتی ہے وہ جلد خراب ہو جاتا ہے البتہ جس مرہم میں روغنِ زیتون شامل ہو اُس کی قو ت جلد ساقط نہیں ہوتی ہے


 

ہدایات

مراہم کی تیاری کے وقت موم یا تیل کو گرم کر کے پگھلا لینا چاہیے پھر دیگر باریک ومسفوف ادویہ کو اُس میں آہستہ آہستہ ڈالنا چاہیے اور ٹھنڈا ہونے تک اُس کو حل کرتے رہنا چاہیےاگر کسی مرہم میں اُشق مقل صابن گندہ بہروزہ جیسی پگھلنے والی ادویہ ہوں تو اُن کو بھی روغن بادام کے ساتھ پگھلا لینا چاہیے اصولی طور پر مرہم کے اجزاء کے مقابلہ میں موم کی تعداد زیادہ ہونی چاہیے اور اگر مرہم میں کوئی تیل بھی شامل ہو تو تیل اور موم جملہ ادویہ کا نصف یا اُس سے کچھ زائد رہنا چاہیے جس مرہم میں موم بکثرت شامل ہو اُس کی قوتِ عمل بیس سال تک باقی رہتی ہے


 


مرہم آتشک

 


افعال و خواص اور محل استعمال

آتشک کے زخموں کے لئے مخصوص ہے زخموں کو بہت جلد صاف کر کے مندمل کرتا ہے


 

دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

چوب چینی ۲۰ گرام ،شنگرف ۳۰ گرام توتیا ۶۰ گرام باریک سفوف کر کے کپڑے سے چھانیں اور بیضہ مرغ کو راکھ میں دبا کر زردی نکالیں اور اُس زردی کو سفوف میں خوب اچھی طرح ملا کر مرہم بنائیں اور محفوظ کر لیں


 ترکیب استعمال

زخموں کو نیم کے پانی سے صاف کر کے مرہم لگائیں اِس سے اندمال جلدی ہوتا ہے


 


مرہم اُشق

 

افعال و خواص اور محل استعمال

ورم طحال کے لئے مخصوص ہے صلابت اور سخت ورموں کو تحلیل کرتا ہے خنازیر اور سلعات میں نافع ہے


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

خردل کف دریا زراوَند طویل مقل ارزق، اُشق گندھک اَملسار تخم اٹنگن ہر ایک ۲۰ گرام باریک سفوف کر کے اُشق اور مقل کو روغنِ زیتون کہنہ ۱۲۵ ملی لیٹر میں حل کریں اور موم زرد ۲۰ گرام کو آگ پر پگھلا کر سب دواؤں کو ملائیں


 ترکیب استعمال

ضرورت کے وقت روغن گل اور روغن زیتون ملا کر ضماد کریں


 


مرہم حنائی

 

وجہ تسمیہ

 برگِ حناء کی شمولیت کی وجہ سے اِس کا نام مرہم حنائی رکھا گیا ہے


 افعال و خواص اور محل استعمال

نافع قروح خبیثہ قروح آتشک و قروح مُزمنہ


 

دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

موم خام ۴۰ گرام مسکۂ  گاؤ ۴۰ گرام، برگِ حناء خشک کات سفید۱۰ گرام فلفل سیاہ ۶ گرام ادویہ کو باریک پیس کر مسکہ گاؤ کو پگھلا کر تمام ادویہ کو آپس میں ملا کرمرہم بنائیں اور حسب موقع و ضرورت استعمال کریں


 


مرہم خنازیر

 

افعال و خواص اور محل استعمال

یہ مرہم خنازیری گلٹیوں کو تحلیل کرتا ہے اورامِ مغابن میں مفید ہے


 

دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

رال سفید رتن جوت ہر ایک ۲۰ گرام توتیا مردارسنگ ہر ایک ۱۰ گرام باریک سفوف کر کے موم زرد ۴۰ گرام کو روغنِ کنجد ۸۰ ملی لیٹر میں پگھلا کر خوب ملائیں اور شیشی میں محفوظ کر لیں


 

ترکیب استعمال

خنازیری گلٹیوں پر بطور ضماد لگائیں یا مالش کریں


 


مرہم داخلیون

 

وجہ تسمیہ

داخلیون سریانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی لعاب کے ہیں چونکہ اِس مرہم میں لعابات شامل ہیں اِس لئے اِس کو یہ نام دیا گیا ہے اس کا مخترع بقراط ہے بعد کے اطِبّا نے اِس نسخہ میں تصرفات کئے ہیں اِسی لئے اِس کے اجزاء اور اوزان میں تفاوُت پایا جاتا ہے اِس میں اصل اور عمود زیتون مردار سنگ اور لعابات ہیں


 

افعال و خواص اور محل استعمال

اورام صُلب کو تحلیل کرتا نضبح دیتا اور ملائم کرتا ہے خنازیر رسولی اور تعقدِ عصب کو دور کرتا ہے۔ ورم رحم اور صلابت رحم میں خصوصی تاثیر کا حامل ہے


 

جزو خاص

لعابات


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

مردار سنگ ۶۰ گرام تخم خطمی اسپغول تخم کنوچہ تخم حلبہ تخم کتاں ہر ایک ۲۰ گرام ادویہ کو رات کو پانی میں بھگوئیں صبح مل کر گاڑھا لعاب نکالیں اِس کے بعد مردار سنگ باریک پیس کر سب کو روغنِ زیتون کہنہ ۱۲۵ ملی لیٹر میں ملا کر آگ پر پکائیں اور لکڑی سے ہلاتے رہیں جب صرف روغن باقی رہ جائے تو آگ سے اُتار کر چھان لیں


 ترکیب استعمال

خنازیر وغیرہ میں بطور ضماد لگائیں اور ورم رحم و صلابت رحم میں آبِ برگ مکوء سبز آبِ برگ کاسنی سبز یا سفیدی بیضہ  مرغ اور روغن گل ملا کربہ طور حمول و فرزجہ دایہ کے ذریعہ استعمال کرائیں


اگر اِس مرہم کو زیادہ مؤثر بنانا ہو تو شب یمانی، زنگار انگور کی لکڑی کی راکھ ہر ایک ۱۰ گرام خبث الحدید ۳ گرام پیس کر ملائیں اور استعمال کریں


 


مرہم رال

 

افعال و خواص اور محل استعمال

آتشک کے زخموں اور ناسور میں مفید ہے زخموں کو بھرتا ہے اور بد گوشت کو دور کرتا ہے


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

 موم سفید کافور رال کات سفید ہر ایک ۵ گرام الگ الگ سفوف کریں روغن گاؤ ۶۰ گرام میں موم ملا کر آگ پر حل کریں پہلے رال شامل کریں پھر کات سفید اور پھر کافور ملا کر خوب حل کریں مرہم تیار ہے


ترکیب استعمال زخم کو صاف کر کے حسب ضرورت مرہم لگائیں


 


مرہم رِسْل

 

وجہ تسمیہ

درختوں یا نباتات سے تراوِش پانے والے دودھ یا رطوبات کو رِسْل کہتے ہیں چونکہ اِس مرہم کے مشتملات میں زیادہ تر اجزاء درختوں کی تراوش یا دودھ ہیں اِس لحاظ سے اِس کا نام ’’مرہم رِسْل‘‘ رکھا گیا بعض لوگوں نے اِس کی کچھ اور توجیہ کی ہے اوراِس کو حضرت عیسیٰؑ کے حواریون کی طرف منسوب کیا ہے یہ محل نظر ہے  (اقبال)


 


افعال و خواص اور محل استعمال

قروح کو مندمل کرتا ہے وَرم صلب سرطان ، خنازیر اور طاعون کی گلٹیوں کو زائل و تحلیل کرتا ہے


 جزو خاص

گندہ بہروزہ


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

 جاؤ شیر گندہ بہروزہ زنگار مرمکی مَرتک (مردار سنگ) ہر ایک ۶ گرام کندر زراوِند طویل ہر ایک ۱۰ گرام مقل ازرق ۱۲ گرام مردار سنگ ۱۵ گرام اُشق ۲۰ گرام موم سفید راتینج ہر ایک ۱۲ گرام جو دوائیں خشک ہیں اُن کا سفوف کر لیں اور جو دوائیں گوند کی طرح ہیں اُنہیں موم میں پکائیں بعد میں روغنِ زیتون بقدرِ ضرورت شامل کر کے مرہم تیار کریں اور استعمال میں لائیں


 ترکیب استعمال

ضرورت کے وقت زخم یا گلٹیوں پر لگائیں اور ٹھنڈی ہوا اور ٹھنڈے پانی سے محفوظ رکھیں


 


مرہم زنگار


افعال و خواص اور محل استعمال

مدمِّل قروح و جراحات ہے


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

 موم ۵ گرام روغنِ گل روغن دیودار روغنِ کنجد ۲۰ ملی لیٹر سب کو حرارت پہنچائیں حرارت کم ہونے پر زنگار ۴ گرام باریک کر کے اِس نسخہ میں مزید شامل کریں اور خوب ملائیں


 ترکیب استعمال

ضرورت کے وقت موم یا روغن کے ساتھ ملا کر نیم گرم زخم پر لگائیں


 


مرہم سائیدہ چوب نیم

 

وجہ تسمیہ

چونکہ اِس مرہم کو نیم کی لکڑی سے اُس کا اثر حاصل کرنے کے لئے خوب گھونٹتے اور چلاتے ہیں اس لئے اِس ترکیب پر اِس کا نام رکھا گیا ہے


 افعال و خواص اور محل استعمال

ہر قسم کے زخم خصوصاً سرپستان کے زخموں کے لئے سریع الاثر ہے


 جزو خاص

 برگِ نیم


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

برگِ نیم توے پر جلائیں سیاہ ہونے پر باریک پیسیں اِس کے بعد نیم کی۲۵ گرام راکھ روغن سرسوں ۵۰ ملی لیٹر کو آگ پر گرم کر کے ملائیں اور آگ سے نیچے اُتار کر آدھ گھنٹہ تک نیم کی لکڑی سے خوب گھونٹیں اور استعمال میں لائیں


 ترکیب استعمال

مرہم کو زخم پر لگا کر اوپر سے نیم کی راکھ چھڑکیں


 


مرہم سیاہ

 


افعال و خواص اور محل استعمال

آتشک اور ایسے زخموں میں جوعسیرالاندمال ہوں خاص طور پر استعمال کیا جاتا ہے


 جزو خاص

 رال (راتینج)


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

رال ۴ گرام توتیا ۲ گرام بکری کا سینگھ، سوختہ پارہ، برگِ نیم ہر ایک ایک گرام پہلے برگ نیم پارہ کے ساتھ اِس قدر پیسیں کہ سیاہ ہو جائے پھر روغنِ زرد ۱۰ ملی لیٹر موم سفید ۲ گرام پگھلا کر کپڑے سے صاف کر کے سب دواؤں کو پیس کر ملائیں اور خوب حل کریں اور ضرورت کے وقت زخم پر لگائیں


 


مرہم کافوری

 

افعال و خواص اور محل استعمال

محلل ورم ہے۔ مدمل قروح و ناسورہے زخم کی سوزش اور جلن کو رفع کرتا ہے


 جزو خاص

 کافور


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

سفیدہ کاشغری، موم سفید روغنِ سرسوں سفیدی بیضہ مرغ، ہر ایک ۸ گرام کافور ۲ گرام موم اور روغن سرسوں کوگرم کر کے کافور اور سفیدہ کاشغری پیس کر شامل کریں۔ سرد ہونے پر سفیدی بیضۂ  مرغ کا اِضافہ کر کے خوب ملائیں جب اچھی طرح آمیختہ ہو جائے تو استعمال میں لائیں


 ترکیب استعمال

بطور مرہم مقام ماؤف پر لگائیں


 


مرہم مازو

 


افعال و خواص اور محل استعمال

بواسیری مَسّوں کے درد اور جلن کو دور کرتا ہے


 

دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

 مازو سبز ۵۰ گرام باریک پیس کر روغن موم۵۰۰ گرام میں ملا کر کھرل کریں


 ترکیب استعمال

رفع حاجت کے بعد مسّوں پر لگائیں


 


مرہم مقل

 


افعال و خواص اور محل استعمال

اورامِ صلبہ اور صلابتِ عضلات میں مفید ہے


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

 مقل ازرق اُشق گل بابونہ اکلیل الملک مکوء خشک حاشا زوفاء خشک تخم حلبہ تخم کتاں ہر ایک ۸ گرام گل سُرخ ۲۰ گرام، برگ چقندر ۳ عدد برگ کرنب ۲ عدد زرنباد زراوند مد حرج مرزنجوش پرسیاؤ شاں عود ہندی ہر ایک ۴ گرام کوٹ پیس کر پانی میں پکائیں پھرروغنِ بید انجیر ۲۰ ملی لیٹر روغن ناردین ۱۵ ملی لیٹر شحم مرغ ۱۵ گرام، روغنِ مصطگی ۷ ملی لیٹر ملا کر سب کو خوب پکائیں اور مرہم تیار کریں


 ترکیب استعمال

ضرورت کے وقت مقام ماؤف پر لگائیں


 


مرہم ناسور

 

عربی میں ناسور و ناصور دونوں کہتے ہیں نواسیر ونواصیر اس کی جمع ہے فارسی میں ریش رواں کہتے ہیں


 افعال و خواص اور محل استعمال

ناسور کو مندمل کرتا ہے


 جزو خاص

مردار سنگ


 دیگر اجزاء مع طریقہ تیاری

 زرد چوب ( ہلدی)مردار سنگ ہر ایک ۳۰ گرام باریک سفوف کریں پھر روغن گل ۱۵ ملی لیٹر اور موم سفید ۶۰ گرام آگ پر پگھلا کر سفوف کوملائیں اور تھوڑا پانی ملا کر جوش دیں جب پانی خشک ہو جائے اور دوائیں خوب حل ہو جائیں تو اُتار کر محفوظ کر لیں اور استعمال میں لائیں


 ترکیب استعمال

ناسور کو نیم کے پانی سے دھوکر خشک کر کے مرہم لگائیں


#مرہم_کی_ترکیب_اور_تیاری

#مرہم_آتشک

#مرہم_اُشق

#مرہم_حنائی

#مرہم_خنازیر

#مرہم_داخلیون

#مرہم_رال

#مرہم_رِسْل

#مرہم_زنگار

#مرہم_سائیدہ_چوب_نیم

#مرہم_سیاہ

#مرہم_کافوری

#مرہم_مازو

#مرہم_مقل

#مرہم_ناسور

No comments:

Post a Comment